انگلش ٹیم میں کپتانی کے معاملے پر نئی تجویز سامنے آگئی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بدترین شکست کے بعد انگلش ٹیم میں کپتانی کے حوالے سے نئی تجویز سامنے آگئی۔
ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں ہماری ٹیم اعتماد سے عاری دکھائی دی، وائٹ بال قیادت سے الگ ہونے والے جوز بٹلر کی جگہ انہوں نے دونوں فارمیٹس کے لیے الگ الگ کپتانوں کی تجویز کو اہمیت دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کے لیے الگ کپتانوں کی شناخت کرنا ہوگی، چیمپئنز ٹرافی میں گروپ مرحلے سے باہر ہوجانے پر جوز بٹلر نے گزشتہ دنوں انگلش ٹیم کی قیادت چھوڑدینے کا اعلان کردیا تھا۔
انگلینڈ نے جنوبی افریقا کیخلاف آخری گروپ میچ میں بھی بڑی ناکامی کا سامنا کیا تھا، ماضی میں بھی انگلینڈ نے تینوں فارمیٹس کے لیے مختلف کپتان رکھے تھے۔
مئی 2011 سے یہ تجربہ ایک برس کے لیے کیا گیا تھا، جس میں اینڈریو اسٹروس، الیسٹرکک اور اسٹورٹ براڈ کو بالترتیب ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میں قیادت کی ذمہ داری بانٹی گئی تھی۔
برینڈن میک کولم نے کہا کہ ہم آئندہ چند ہفتوں میں اس بابت فیصلہ کرنے ہوں گے، ہم اچھا اسٹرکچر ترتیب دینا چاہیں گے،ہم ہر چیز درست جگہ دیکھنا چاہتے ہیں، ہر فارمیٹ کی ٹیم کی اپنی ضرورت ہوتی ہے، دو مختلف کپتان بہتر ہوں گے، انگلینڈ آنے والے ہفتوں میں بٹلر کے جانشین کا تقرر کردے گا۔
انگلینڈ کی آئندہ مصروفیت 29 مئی سے ویست انڈیز سے سیریز ہے، اگلا آئی سی سی گلوبل ٹی 20 ورلڈ کپ مارچ، فروری 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے، میک کولم نے مزید کہا کہ میں آئندہ چند روز گھر جاکر اس بابت غور و فکر کروں گا اور انگلش کرکٹ منیجر روب کی اور دیگر سے مشاورت کروں گا۔