ٹرمپ کی تقریر کے دوران احتجاج پر اپوزیشن رکن کو سیکیورٹی گارڈز نے اسمبلی سے باہر نکال دیا

ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رکن ایوان نمائندگان ایل گرین کو اسپیکر کے حکم پر سیکیورٹی گارڈز نے ایوان سے باہر نکال دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگریس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا طویل ترین خطاب کا آغاز کیا تو اپوزیشن رکن ایل گرین اٹھ کھڑے ہوئے اور چلّا کر کہا کہ صدر کے پاس مینڈیٹ نہیں ہے۔
ایل گرین نے صدر ٹرمپ کیخلاف شدید احتجاج کیا اور ان کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔ امریکی صدر اپنی تقریر جاری نہ رکھ سکے۔
جس پر ایوان کے اسپیکر نے ہال میں نظم و ضبط کی بحالی کے لیے سرجنٹ ایٹ آرمز کو طلب کیا۔
یہ خبر پڑھیں : میری قیادت میں امریکا ناقابل تسخیر ہے، ٹرمپ کا کانگریس سے پہلا صدارتی خطاب
اسپیکر مائیک جانسن نے سرجنٹ ایٹ آرمز کو حکم دیا کہ ایوان کا نظم وضبط خراب کرنے والے رکن اسمبلی کو ایوان سے باہر نکال دیا جائے۔
حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈز نے ڈیموکریٹ کے رکن ایوان نمائندگان 78 سالہ ایل گرین کو ایوان سے باہر نکال دیا۔
ایوان سے باہر نکلنے کے بعد ایل گرین نے صحافیوں کو بتایا کہ ” یہ ضروری تھا کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ ہم میں سے کچھ لوگ اس صدر کے خلاف کھڑے ہوں گے۔”
ایل گرین نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس صحت کے ایک اہم پروگرام کو ختم کرنے کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ اس پروگرام سے 80 ملین افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
ایوان میں صدر ٹرمپ کے خطاب کے دوران کچھ ڈیموکریٹس ارکان نے طبی سہولیات کے پروگرام کے تحفظ اور ریٹائرڈ فوجیوں کو حاصل سہولیات کی حمایت کے لیے پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔
اسی طرح ڈیموکریٹس کی خاتون ارکان نے طبی سہولیات کے اس پروگرام سے یکجہتی کے طور پر گلابی رنگ کے لباس پہن رکھے تھے۔