شوبز

رجب بٹ کی تنقید پر شمعون عباسی فہد مصطفیٰ کے دفاع میں بول پڑے

مشہور پاکستانی فیملی ویلاگر رجب بٹ ان دنوں فہد مصطفیٰ کو فیملی ویلاگنگ سے متعلق دیے بیان پر جواب دینے کے بعد سے سرخیوں میں ہیں تاہم اب فہد مصطفیٰ کے ساتھی اداکار شمعون عباسی بھی فہد کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔

گزشتہ دنوں فہد مصطفیٰ نے تمام فیملی بلاگرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مواد بنانے کے لیے اپنے اہل خانہ کو فروخت کر رہے ہیں۔ جس پر رجب بٹ نے بھی فہد مصطفیٰ کو کڑا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ فہد مصطفیٰ کون ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ان لوگوں کا احترام نہیں کر سکتے جو بڑوں والے کام نہیں کرتے اور بڑے اپنی عزت خود کرواتے ہیں۔

اب اداکار شمعون عباسی بھی فہد مصطفیٰ کی حمایت میں آگے آگئے ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں رجب بٹ کو شائستہ انداز میں جواب دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اداکاروں کی کیرئیر بنانے کی جدوجہد اور بے مثال شہرت کے بارے میں بھی بات کی۔

شمعون عباسی نے اپنے ویڈیو پیغام میں رجب بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ فہد مصطفیٰ ایک بڑا نام ہے۔ وہ 20 سال سے زیادہ عرصے سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ میں کہنا چاہوں گا کہ اداکار اپنے فن اور کام کی وجہ سے ہر شعبے سے اپنے مداح بناتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: فیملی وی لاگنگ کی مخالفت پر رجب بٹ کا فہد مصطفیٰ کو پہچاننے سے انکار

اداکار نے فہد مصطفیٰ کے دفاع میں مزید کہا کہ ’ایک اداکار کام، مقامات اور ادائیگیوں کی تلاش میں اپنے گھر سے صبح سویرے نکل پڑتا ہے۔ اداکار ایک سخت اور سخت ترین روٹین سے گزرتے ہیں، لیکن آپ کے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ وہ کیا تجربہ کرتے ہیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ آپ کمتر ہیں، لیکن آپ جس طرح تکبر کے ساتھ بات کرتے ہیں وہ مثبت نہیں ہے۔

شمعون نے رجب بٹ اور دیگر ویلاگرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ’YouTube، TikTok اور Instagram پر کام کرنے والے تمام ڈیجیٹل تخلیق کار اپنے کام کے لیے ان ایپس پر منحصر ہیں۔ خدا نہ کرے اگر یہ پلیٹ فارمز بند ہو گئے تو آپ لوگ کیا کریں گے؟ لیکن فہد مصطفی تب بھی اپنے کام پر جائیں گے‘۔

سوشل میڈیا پر شمعون عباسی کی یہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین کی جانب سے اداکار کے منظم اور شائستہ ردعمل کو پسند کرتے ہوئے رجب بٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button