وائٹ ہاؤس میں تلخ کلامی پر زیلنسکی نے ٹرمپ سے معافی مانگ لی، امریکی مندوب کا دعویٰ

ویب ڈیسکMarch 11, 2025
facebooktwitterwhatsappmail
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے اوول آفس میں تلخ کلامی پر ٹرمپ سے معافی مانگ لی ہے۔
اسٹیو وٹکوف کے مطابق، زیلنسکی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خط بھیج کر معذرت کی، جس میں انہوں نے وائٹ ہاؤس میں پیش آئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وائٹ ہاؤس میں اس تلخ ملاقات کے بعد امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا تھا کہ زیلنسکی کو ہوش میں آنا ہوگا، اگر وہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہوتے تو یوکرین کی قیادت کسی اور کو کرنی چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق، یوکرینی صدر کی معذرت کے بعد امریکی خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف جلد ماسکو کا دورہ کریں گے، جہاں وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ تاہم، اس دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔
چند روز قبل اوول آفس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور زیلنسکی کے درمیان ملاقات تلخ جملوں کے تبادلے میں بدل گئی تھی۔ ناراض ہو کر ٹرمپ نے زیلنسکی کو وائٹ ہاؤس سے نکل جانے کا کہہ دیا تھا اور بیان دیا تھا کہ زیلنسکی امن کے لیے تیار نہیں، جب وہ تیار ہوں گے تب ہی وہ واپس آ سکتے ہیں۔
اس واقعے کے بعد زیلنسکی نے پہلے معافی مانگنے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ جو کچھ وائٹ ہاؤس میں ہوا وہ اچھا نہیں تھا، اور وہ دوبارہ وہاں جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ تاہم، اب ان کی معذرت نے امریکا اور یوکرین کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے امکانات پیدا کر دیے ہیں۔