دنیا

ٹرمپ کی نئی کٹوتی: پاکستانی طلبا کا امریکا تعلیم حاصل کرنے کا خواب چکناچور

یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) نے اعلان کیا ہے کہ 15 سال تک جاری رہنے والا گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام برائے پاکستان (گلوبل یوگراڈ) بند کر دیا گیا ہے۔

یہ پروگرام پاکستانی طلبا کو امریکا کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں بغیر ڈگری ایک سمسٹر تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا تھا۔

یو ایس ای ایف پی کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ نے مطلع کیا ہے کہ اب یہ پروگرام جاری نہیں رہے گا۔ اس اچانک فیصلے پر ادارے نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان ہزاروں طلبا پر فخر محسوس کرتا ہے جنہوں نے تعلیم، ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اس پروگرام سے فائدہ اٹھایا۔

یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی جانب سے غیر ملکی امدادی پروگراموں کے بجٹ میں 92 فیصد کمی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے تمام منصوبے جو ’امریکا فرسٹ‘ ایجنڈے سے ہم آہنگ نہیں، انہیں بند کیا جائے گا۔

یو ایس ای ایف پی نے طلبا پر زور دیا ہے کہ وہ دیگر اسکالرشپ اور ایکسچینج پروگرامز کی تلاش جاری رکھیں تاکہ اپنی تعلیم اور خوابوں کو مکمل کیا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button