سرکاری و نجی تنخواہ دار طبقے سے کتنے کھرب کا ٹیکس وصول کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آگئیں

حکومت کی جانب سے سرکاری و نجی تنخواہ داروں سے گزشتہ 3 سال کے دوران 820 ارب روپے ٹیکس وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارتِ خزانہ نے تنخواہ دار ٹیکس دہندگان کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں جب کہ ایف بی آر نے سرکاری اور غیر سرکاری تنخواہ دار ٹیکس دہندگان کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران سرکاری و غیر سرکاری تنخواہ دار ٹیکس دہندگان (ملازمین) سے 820 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ ان 3 سالوں میں سرکاری تنخواہ دار ٹیکس دہندگان سے 186 ارب ٹیکس کی مد میں وصول کیا گیا جب کہ غیر سرکاری تنخواہ دار افراد سے اسی دورانیے میں 634ارب روپے وصول کیا گیا ۔
یاد رہے کہ مالی سال 2023سے 24 کے دوران سرکاری اور نجی ٹیکس دہندگان سے 368 ارب ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ گزشتہ 3 سال کے دوران سرکاری ٹیکس دہندگان کی تعداد میں 1 لاکھ 94 ہزار کا اضافہ ہوا ہے جب کہ نجی سیکٹر کے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں گزشتہ 3 سال کے دوران ساڑھے 5 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔