گوری خان کے ریسٹورینٹ پر جعلی پنیر پیش کرنے کا الزام، سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہو گیا

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی اہلیہ اور معروف انٹیریئر ڈیزائنر گوری خان کے ممبئی میں واقع پرتعیش ریسٹورینٹ توڑی کو حال ہی میں ایک تنازع کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یوٹیوبر سارتھک سچدیوا نے دعویٰ کیا تھا کہ گوری خان کے اس ریسٹورینٹ میں صارفین کو نقلی پنیر کھلایا جا رہا ہے۔
یوٹیوبر نے اپنی سوشل میڈیا ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے مختلف مشہور شخصیات جیسے ویرات کوہلی، شلپا شیٹی اور بوبی دیول کے ریسٹورینٹس میں جا کر کھانے آزمائے اور پنیر کے اصلی یا نقلی ہونے کے لیے آئیوڈین ٹیسٹ کیا۔
ان کے مطابق بیشتر جگہوں پر پنیر اصلی نکلا، تاہم ’توری‘ میں پنیر کے نمونے نے سیاہ رنگ اختیار کیا، جو نشاستے کی موجودگی کی نشاندہی کرتا ہے۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی، جس کے بعد ’توری‘ ریسٹورینٹ کی انتظامیہ کو وضاحت جاری کرنا پڑی۔
یوٹیوبر کی ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں گوری خان کے ریسٹورنٹ انتظامیہ کی جانب سے دیئے گئے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ آئیوڈین ٹیسٹ صرف نشاستے کی موجودگی بتاتا ہے، پنیر کی اصلیت کا تعین نہیں کرتا۔
ان کے مطابق کچھ ڈشز میں سویا اجزاء شامل ہوتے ہیں، جس سے رنگ کی تبدیلی ممکن ہے۔ ریسٹورینٹ کے تمام اجزاء خالص ہیں۔
بعد ازاں یوٹیوبر سارتھک سچدیوا نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’تو کیا اب مجھ پر پابندی لگ گئی؟ ویسے آپ کا کھانا زبردست ہے‘۔