پاکستان

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا چوہدری کا اہم دورہ برسلز: جی ایس پی پلس، بریگزٹ، اوورسیز مسائل پر خصوصی گفتگو

برسلز (امن نیوز انٹرنیشنل ) اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے چیئرمین سید قمر رضا چوہدری اس وقت یورپی یونین کے دارالحکومت برسلز کے اہم دورے پر ہیں۔ وہ اس خصوصی دورے پر بیلجیم کی معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت سید حسن شاہ اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے معروف سیاسی و کاروباری رہنما سید خورم رضا شاہ کی دعوت پر تشریف لائے ہیں۔ اس دورے کے دوران ان کی بیلجیم کے سابق وزیرِاعظم اور یورپی پارلیمنٹ کے رکن ایلیو دی روپو سے اہم ملاقات اور ڈنر کے علاوہ یورپی پارلیمنٹ میں بھی اہم ملاقتیں کریں گے۔

برسلز آمد پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سید قمر رضا چوہدری نے اپنے دورے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں پاکستان کا مؤقف جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی تجدید، یورپ میں ہنر مند افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی طلب، اور بریگزٹ کے بعد یورپ و پاکستان کے درمیان نئے تعلقات کے امکانات کے تناظر میں پیش کریں گے۔

انہوں نے حال ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ اوورسیز پاکستانی کنونشن کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ریاستِ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر تمام پاکستانیوں کا بیانیہ ایک ہے اور وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

سید قمر رضا چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں افواجِ پاکستان کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائیوں کو سراہا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید حافظ عاصم منیر کو حکومت کی جانب سے فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا، “اللہ کا شکر ہے کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر شروع کی جانے والی جنگ میں پاکستان کو کامیابی نصیب ہوئی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب ملک کر پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کریں۔”

انہوں نے زور دیا کہ پاکستانی عوام کو اب پہلے سے دُگنی محنت کرنی ہوگی تاکہ پاکستان کو دنیا میں اس کا جائز مقام دلایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں پاکستان کے وقار کو بلند کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

دورے کے دوران ان کی ملاقاتیں مختلف یورپی ارکانِ پارلیمنٹ، تھنک ٹینکس، اور اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی طے ہیں، جہاں وہ پاکستان کے مثبت امیج، سرمایہ کاری کے مواقع، اور باہمی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button