چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اسلام آباد کی مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اسلام آباد کی مسجد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے

امن نیوز انٹرنیشنل : چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی کی مسجد خدیجہ الکبریٰ سلام اللہ علیھا پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے اور اس حملے میں معصوم اور نہتے نمازیوں کی شہادت پر افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کا کسی مذہب اور قوم سے کوئی تعلق نہیں ہوتا بلکہ وہ انسانیت کے دشمن ہوتے ہیں۔ اسلام اور کوئی دوسرا مذہب اور کوئی بھی مہذب قوم کسی کو بھی انسانیت سوز پرتشدد حملوں اور دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتی۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد خدیجۃ الکبریٰ کے اندر خودکش دھماکے کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اقدام ہے، خاص طور مسجد میں نہتے نمازیوں پر سفاکانہ حملہ کرنا کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں بلکہ انتہائی قابل مذمت اور شرمناک ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ زبانی بیانات کے بجائے عملی اقدامات کرکے لوگوں کو تحفظ فراہم کرے اور اس طرح کے واقعات میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ انہوں نے اس واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
علی رضا سید نے دعا کی رب کریم اس خودکش حملے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند فرمائے اور پس ماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین




