یورپی پارلیمنٹ کے سامنے غزہ و ایران پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہر
یورپ کے دارالحکومت برسلز میں المصطفیٰ فاؤنڈیشن بیلجیم کے زیر اہتمام مظاہرے کا اہتمام کیا گیا

برسلز – ( امن نیوز انٹرنیشنل): یورپ کے دارالحکومت برسلز میں المصطفیٰ فاؤنڈیشن بیلجیم اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیموں کے اشتراک سے یورپی پارلیمنٹ کے سامنے ایک پرامن مگر پرجوش احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ مظاہرے کا مقصد فلسطین میں جاری صہیونی مظالم اور ایران کے خلاف حالیہ امریکی و اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرنا اور مظلوموں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

مظاہرے میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے یورپی یونین کے دفاتر کے سامنے “فلسطین کو آزاد کرو” اور “جارحیت بند کرو” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

مظاہرے کے آرگنائزرز مختار احمد اور ممتاز کشمیری رہنما ڈاکٹر سید عنایت اللہ اندرابی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔
ڈاکٹر سید عنایت اللہ اندرابی نے اپنے خطاب میں کہا: “ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ حالیہ کشیدگی نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکی بالادستی کا تصور اب کمزور ہو چکا ہے۔ ایران کی مزاحمت نے استعماری قوتوں کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ امریکہ یہ نہ سمجھے کہ وہ حملہ کر کے بچ نکلے گا، ایران اس جارحیت کا بھرپور حساب لے گا۔”



مقررین نے مزید کہا کہ ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام نے اسرائیل کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور خطے میں تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔
مظاہرے کے اختتام پر نوجوان ایکٹیوسٹ محمد مہدی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ایران کی نئی سپریم قیادت سے مکمل بیعت اور حمایت کا اعلان بھی کیا۔

مظاہرین نے ایک قرارداد کے ذریعے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین اور عالمی ادارے امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں کو لگام دیں تاکہ دنیا کو مزید جنگی کشیدگی سے بچایا جا سکے۔


