ٹرمپ کا امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو پھانسی دینے کا مطالبہ
واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف گواہی دینے پر امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے لیے موت کی سزا تجویز کردی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک مقدمے میں سرکاری گواہ کے طور پر پیش ہوئے تھے۔
امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کیپیٹل ہل پر حملے کے لیے اکسانے، سرکاری خفیہ دستاویزات اپنے ہمراہ لے جانے، انتخابی نتائج میں ہیرپھیر اور جنسی تعلقات کے سمیت 91 الزامات کا سامنا ہے۔
Advertisement
ان میں سے ایک مقدمے میں امریکا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی اپنے سابق صدر کے خلاف سرکاری گواہ کے طور پر پیش ہوئے تھے جس پر ڈونلڈ ٹرمپ غصے میں آگئے۔
امریکا کے سابق صدر نے مارک ملی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے مارک ملی کی ریٹائرمنٹ امریکیوں کے لیے جشن منانے کا وقت ہوگا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ مارک ملی کی چین کے ساتھ تعلقات کی خبریں درست ہیں جس پر سزائے موت دی جانی چاہیئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مارک ملی کو نااہل ملٹری کمانڈرز قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ وہی شخص تھا جس کی وجہ سے افغانستان میں کئی امریکی فوجیوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔
سابق امریکی صدر نے مارک ملی پر افغانستان سے انخلا کے وقت سیکڑوں امریکی شہریوں کو تن تنہا چھوڑنے اور اربوں ڈالر کا بہترین فوجی ساز و سامان افغانستان کے حوالے کرنے کا الزام بھی لگایا۔