لاہور میں ون وے کی خلاف ورزی پر چالان کے ساتھ مقدمہ بھی درج کرنے کا فیصلہ
لاہور: سی ٹی او لاہور نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف چالان کے ساتھ ساتھ مقدمے کے اندراج کا حکم دے دیا، فیصلے پر اطلاق جمعے سے ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اسد ملہی نے لبرٹی چوک میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال 02 لاکھ 25 ہزار سے زائد ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر چالان کئے اور چالان کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے سے باز نہیں آرہی، جو روز بروز ٹریفک حادثات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر لاہور کو حادثات سے مکمل محفوظ بنایا جائے گا، کسی بے گناہ کا خون سڑکوں پر نہیں بہنے دیں گیں۔
ڈاکٹر اسد ملہی نے کہا کہ مقدمات سیکشن 279 تعزیرات پاکستان کے تحت درج ہوں گے، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی ٹریفک میں خلل کا بھی باعث بنتی ہے، ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر 02 ہزار روپے کا چالان کیا جارہا ہے۔
علاوہ ازیں سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ 05 دسمبر بروز سوموار سے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ کسی بھی ہیوی وہیکل کو شہر میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا، رات کے وقت چلنے والی ہیوی وہیکل سموگ کا باعث بن رہی ہے، بغیر ترپال کسی بھی ریت اور مٹی والی گاڑی کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ڈاکٹر اسد ملہی کا مزید کہنا تھا کہ مکمل حفاظتی اقدامات اپنانے اور فٹنس گاڑیوں کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی جب کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کےلئے لبرٹی مارکیٹ میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ بھی تقسیم کئے گئے، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کےخلاف زیرو ٹولرنس پالیسی اپنائی گئی ہے جس کے انتہائی مثبت اثرات آرہے ہیں۔