کھیل

ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ؛ غیر یقینی برقرار، گھڑی کی ٹِک ٹِک بے چینی بڑھانے لگی

گھڑی کی ٹک ٹک بے چینی بڑھانے لگی، ٹی 20 ورلڈکپ میں بنگلہ دیش کی شرکت کے حوالے سے غیر یقینی برقرار ہے ، فیصلے کا وقت آ پہنچا، ذرائع کہتے ہیں کہ ٹائیگرز کو بھارت جاکر میچ کھیلنے یا اخراج میں سے ایک راستہ چننے کیلیے بدھ تک کا وقت ملا ہے، دوسری جانب بی سی بی کا کہنا ہے کہ ہمیں کوئی ڈیڈلائن نہیں ملی، صرف میچ سری لنکا منتقل کرنے کے مطالبے پر جلد جواب دینے کا کہا گیا تھا، مشیر کھیل آصف کا کہنا ہے کہ بھارتی ایما پر آئی سی سی کا کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے، ہمیں بھارت میں سیکیورٹی خدشات ہیں، اسی لیے ہم میچز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

 تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے فیصلے کی گھڑی آ پہنچی ہے، کرک انفو اور بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کو بدھ تک بھارت میں میچز کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی ڈیڈلائن دی گئی ہے، اگر وہ تیار نہیں ہوتا تو پھر ٹورنامنٹ میں اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جاسکتا ہے ،وہ میگا ایونٹ میں کوالیفائی نہ کرنے والی ہائی رینک ٹیم ہے۔

 میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے سامنے صرف 2 آپشنز رکھے ہیں یا تو وہ بھارت میں شیڈول اپنے میچز میں شرکت کرے یا پھر ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کیلیے تیار ہوجائے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے ایسی کسی ڈیڈ لائن کی تردید کردی۔

کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین نے کہا کہ ہفتے کو آئی سی سی کے ایک نمائندے ڈھاکا آئے، ان کے ساتھ بورڈ حکام کی میٹنگ ہوئی، جس میں ہم نے کہا کہ کچھ وینیوز پر نہیں کھیل سکتے، اس لیے متبادل سینٹرز کا انتظام کیا جائے، ہم نے اپنے تمام خدشات تفصیل کے ساتھ انھیں بتائے، جس پر انھوں نے کہا کہ وہ ان معاملات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے ، جو فیصلہ ہوگا وہ ہمیں بتا دیا جائے گا۔

 انھوں نے صرف اتنا کہا کہ وہ ہمیں جلد آئی سی سی کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیشی حکومت اپنی ٹیم بھارت بھیجنے کے حق میں نہیں ہے، اس کی ہدایت پر بی سی بی نے آئی سی سی سے میچز منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button