قندھارمیں پاکستانی قونصل خانے کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ’’ہیک‘‘ کرلیا گیا
اسلام آباد: افغان شہر قندھار میں پاکستانی قونصل خانے کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ “ہیک” کر لیا گیا۔
قونصل خانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب مشن کی عارضی بندش کے بارے میں ٹوئٹ کیا گیا جس کے فوراً بعد ہی قونصل جنرل طارق علی نے تصدیق کی کہ پاکستانی قونصل خانے کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کرلیا گیا تھا جسے فوری طور پر بحال کرلیا گیا۔
خیال رہے اس سے ایک روز قبل ہی صحافی انس ملک نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ’پاکستان قندھار میں اپنا قونصل خانہ دو دن کے لیے بطور احتجاج بند کر دے اور طالبان حکومت پر زور دے کر کہ وہ ٹی ٹی پی (تحریک طالبان پاکستان) کے خلاف کارروائی کرے اور انہیں محفوظ پناہ گاہیں نہ دے اور اس ضمن میں سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا پہلا قدم ہوسکتا ہے‘۔
تاہم قونصل جنرل نے فوری طور پر وضاحت کی کہ اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی نے پیر کے روز اپنے جنگجوؤں سے کہا تھا کہ وہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں عسکریت پسندوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مبینہ “بلا تعطل” کارروائیوں کی وجہ سے ملک بھر میں حملے کریں۔
جبکہ پاکستان نے افغانستان سے کہا ہے کہ وہ سرحد کے اس طرف ٹی ٹی پی کے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔