موت سے بال بال بچنے والے سیاسی کارکن نے ٹارگٹ کلر کو پہچان لیا
کراچی: بلدیہ ٹاؤن کے علاقے رشید آباد میں سر پر آئی موت سے بال بال بچ جانے والے سیاسی جماعت کے کارکن نے ٹارگٹ کلر کو پہچان لیا۔
شہری نعیم جان نے بلدیہ ٹاؤن تھانے میں اقدام قتل کا مقدمہ درج کرا دیا، جس میں محلے دار کو بطور ٹارگٹ کلر نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم کا نام عثمان غنی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی؛ سیاسی جماعت بدلنے والا کارکن سر پر آئی موت سے بچ گیا، ویڈیو وائرل
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی مقدمہ نے بتایا کہ یکم مئی کی صبح ساڑھے 6 بجے گھر سے نکلا اور قریبی گلی سے جارہا تھا کہ ملزم نے پیچھے سے آواز دی کہ کلمہ پڑھو۔ میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو پینٹ شرٹ میں ملبوس شخص ہیلمٹ پہنے کھڑا تھا اور ہاتھ میں پستول تھی۔
مدعی کے بیان کے مطابق مجھ پر 2 بار گولی چلانے کی کوشش کی گئی لیکن دونوں بار فائر مِس ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز سے قاتلانہ حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ہوگئی ہے، میں نے اس شخص کو پہچان لیا ہے۔ حملہ آور شخص کا نام عثمان غنی ہے، جو میرے گھر کے قریب ہی رہتا ہے اور میری اس سے ذاتی رنجش ہے۔ عثمان غنی کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق حساس اداروں نے بھی تفتیش شروع کر دی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے پر تحقیقات کا آغاز ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں مدعی کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔