مشہور بھارتی اداکار اغوا، 1 کروڑ تاوان کا مطالبہ
بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے معروف اداکار اور حال ہی میں فلم استری میں نظر آنے والے کامیڈین مشتاق خان کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکار کو 12 گھنٹوں تک یرغمال بنا کر رکھا گیا اور اس دوران ان پر شدید تشدد کیا گیا جبکہ ان سے 1 کروڑ روپے تاوان بھی طلب کیا گیا۔
پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ یہ واقعہ 20 نومبر کو اتر پردیش میں پیش آیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتاق خان کو 15 نومبر کو راہول سینی نامی شخص نے فون کرکے میرٹھ میں ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
چونکہ مشتاق خان اکثر ایسی تقریبات میں شرکت کرتے ہیں، اس لیے انہوں نے اس دعوت کو معمول کی بات سمجھا اور روانہ ہوگئے۔ کیونکہ راہول سینی نے انہیں تقریب میں شرکت کی فیس دینے کا وعدہ کیا اور پیشگی 25 ہزار روپے آن لائن ٹرانسفر کیے جبکہ باقی رقم بعد میں ادا کرنے کا کہا تھا صرف یہی نہیں بلکہ انہیں ممبئی سے دہلی کا ایئر ٹکٹ بھی فراہم کیا گیا۔
20 نومبر کو دہلی پہنچنے پر مشتاق خان راہول سینی کی طرف سے بھیجی گئی ٹیکسی میں سوار ہوئے، جس میں ڈرائیور کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا۔ کچھ دیر بعد گاڑی روک کر انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کر دیا گیا۔ اس گاڑی میں مزید چار افراد سوار تھے۔
مشتاق خان نے صورتحال بھانپ کر شور مچایا تو ان کے چہرے پر چادر ڈال کر سر جھکانے پر مجبور کیا گیا۔ تین سے چار گھنٹے بعد انہیں ایک مکان میں لے جایا گیا، جہاں اغواکاروں نے ان پر تشدد کیا اور ان کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے نکلوائے اور ان سے رہائی کے عوض مزید 1 کروڑ کا تاوان طلب کیا۔
اغواکاروں نے رقم منتقل کرنے کے بعد شراب نوشی کی اور صبح کے وقت مکان سے چلے گئے، جس کا فائدہ اٹھا کر مشتاق خان فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے قریب ہی ایک مسجد نظر آئی جہاں پہنچ کر انہوں نے امام کی مدد سے اپنے خاندان سے رابطہ کیا۔
مشتاق خان کے منیجر نے ان کی طبیعت خراب ہونے کے باعث ایف آئی آر درج کرائی اور سارا واقعہ پولیس کو بیان کیا، پولیس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے اداکارہ کے بتائی ہوئی لوکیشن اور ان کی کال ریکارڈز کی مدد سے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش شروع کردی ہے۔
واضح رہے کہ اسی ماہ بھارتی کامیڈین سنیل پال بھی اغوا ہوئے تھے تاہم کچھ دیر گزرنے کے بعد وہ گھر پہنچ گئے تھے۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر آگ طرح پھیل گئی ہے جس پر صارفین کا کہنا ہے کہ بھارت میں اداکاروں اور فنکاروں کے اغوا کا نیا ٹرینڈ چل پڑا ہے جس کے بعد دیگر فنکاروں کو محتاط رہنا چاہیے۔