بزنس

مزید 8 آئی پی پیز سے سیٹلمنٹ معاہدے منظور، بجلی کی قیمت کم ہو گی

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے وزارت توانائی، پاور ڈویژن کی سفارش پر بگاس سے چلنے والے 8انڈیپنڈنٹ پاور پلانٹس (آئی پی پیز) کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی، ان معاہدوں کے بعد عام صارفین کیلیے بجلی کی قیمت کم اور قومی خزانہ کو238 ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شام کی تازہ صورتحال کے تناظر میں وہاں سے پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ شام میں موجود250 پاکستانی زائرین میں سے79 بیروت پہنچ چکے ہیں جہاں سے ان کو پاکستان واپس لایا جائیگا۔ شام میں20کے قریب اساتذہ اور طالب علموں میں سے7اساتذہ بھی بیروت پہنچ چکے ہیں۔

شام اور لبنان میں پاکستانی سفارتخانہ کے حکام پاکستانیوں کی شام سے بحفاظت واپسی یقینی بنانے کیلیے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے بگاس سے چلنے والے آٹھ انڈیپنڈنٹ پاور پلانٹس کیساتھ سیٹلمنٹ معاہدوں کی منظوری دے دی جس کے بعد سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ان پاور پلانٹس سے پیدا ہونے والی بجلی کے ٹیرف میں کمی کے حوالے سے نیپرا سے رابطہ کریگی۔

وزیراعظم نے کہا حکومت عام آدمی کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہمارے ہر فیصلے اور اقدام میں قومی مفاد مقدم رہنا چاہئے۔ نجی شعبے اور صنعتوں کا فروغ حکومتی کی اولین ترجیح ہے۔

مذکورہ پاور پلانٹس میں جے ڈی ڈبلیو یونٹI ، یونٹ II ، آر وائے کے ملز، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر، المعیز انڈسٹریز، تھل انڈسٹریز اور چنار انڈسٹری شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کے بورڈ میں بریگیڈیئر عاصم بشیر وڑائچ کی بطور ممبر پروڈکشن کنٹرول تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر نیشنل کمیشن برائے سٹیٹس آف ویمن فنڈ کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا سول نافرمانی کی کال سے بڑی دشمنی پاکستان کے ساتھ کیا ہو سکتی ہے، ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے شرپسندوں کو نہیں چھوڑا جائیگا، شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کا میکنزم طے ہو گیا۔ شام میں اس وقت250 زائرین اور300 دیگر پاکستانی موجود ہیں اس کے علاوہ کئی پاکستانی خاندان برسوں سے وہا ں آباد ہیں۔

شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے حوالے سے نائب وزیراعظم اور شام میں پاکستان کے سفیر نے متحرک کردار اداکیا۔ پاکستانیوں کو بذریعہ سڑک لبنان اور رفیق حریری ایئرپورٹ سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ واپس لایا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے ہفتہ وار مہنگائی (ایس پی آئی) کا انڈیکس کم ہو کر3.7فیصد پر آنے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کیا، انہوں نے بتایا کہ وہ فروری میں آذربائیجان کا دورہ کریں گے اور پاکستان میں آذربائیجان کی2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدے ہوں گے۔

حکومت کی کوششوں اور اقدامات سے معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ امن و امان کے حوالے سے میں نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی ناپاک کوشش اور توڑ پھوڑ کرنے کی جو سازش پاکستان کے خلاف کی گئی اس میں جوجو ملوث ہے ثبوتوں کے ساتھ ان کے خلاف کارروائی ہو گی اور ان کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائیگا اور کسی بے گناہ کو ہاتھ تک نہیں لگایا جائیگا۔

بانی پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کی کال سب سے بڑی پاکستان دشمنی ہے اس کے باوجود ہماری ترسیلات زر بڑھی ہیں۔ پاکستان دنیا میں اپنا مقام بنائے گا، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا حکومت ملک میں بسنے والے تمام شہریوں بشمول اقلیتوں کو یکساں مواقع اور حقوق فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، اجتماعی کوششوں کے ساتھ ہمیں آگے بڑھنا چاہئے، مسائل کو حل کریں اور اپنی آنے والی نسل کے لئے اور پاکستانی عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے اپنا راستہ بنائیں۔

پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام حصوں سے1000گریجوایٹس کو اعلی ترین تکنیکی علم اور تعلیم حاصل کرنے کے لئے چین بھیج رہی ہے۔

پہاڑوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا دنیا بھر کے پہاڑوں کو موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی اور دیگر غیر پائیدار طرز عمل کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا ہے، ہم خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں محفوظ اور موسمیاتی تبدیلی سے مزاحم کمیونٹیز کی تعمیر کر رہے ہیں تاکہ ہماری کمیونٹیز محفوظ بھی رہیں اور ترقی بھی کریں۔

دنیا میں چند انتہائی بہترین پہاڑوں اور چوٹیوں کے محافظ کے طور پر آئیے ہم آج کے دن ان کے قدرتی ماحول کی حفاظت اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے ان کی خوبصورتی کو محفوظ رکھنے کا عزم کریں۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button