انٹر نیشنلپاکستان
میونخ سیکیورٹی کانفرنس: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اہم سفارتی و دفاعی سرگرمیاں
حکام سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔
تحریر ایم ںدیم بٹ
برسلز – ( امن نیوز انٹرنیشنل) میونخ سیکیورٹی کانفرنس کا 62واں ایڈیشن 13 سے 15 فروری 2026 تک جرمنی کے شہر میونخ میں منعقد ہوا، جہاں عالمی سلامتی، دفاع اور خارجہ پالیسی سے متعلق اہم امور زیرِ بحث آئے۔ اس اہم عالمی فورم میں پاکستان کی نمائندگی نمایاں رہی، بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فعال سفارتی و دفاعی سرگرمیاں توجہ کا مرکز بنیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے 12 سے 14 فروری تک جرمنی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر منعقدہ اجلاسوں میں شرکت کی۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے مختلف عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی میں تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔
جرمن حکام سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ مسٹر الیگزینڈر ڈوبرنٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی امور کے مشیر مسٹر گنٹر سوٹر اور وفاقی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں عصری سلامتی کے مسائل، دوطرفہ دفاعی تعاون اور دو و کثیرالجہتی مکالمے کے ذریعے عالمی امن و استحکام کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
علاوہ ازیں، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے برازیل کی مسلح افواج کے جوائنٹ اسٹاف کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگئیار فریرے سے بھی مفید ملاقات کی، جس میں دوطرفہ فوجی تعاون پر گفتگو ہوئی۔ لبنانی جمہوریہ کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی ان سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔




