صادق سنجرانی قائم مقام صدر مملکت، الیکشن ایکٹ فوری نافذ کیے جانے کا امکان
اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی کی عدم موجودگی اور صادق سنجرانی کے چارج سنبھالنے پر الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو فوری طور پر نافذ العمل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت عارف علوی حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے، صدر مملکت کی عدم موجودگی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کا چارج سنبھال لیا۔
یہ پڑھیں : قومی اسمبلی : الیکشن ایکٹ میں ترامیم منظور، نااہلی کی مدت پانچ سال مقرر
عارف علوی کی غیر موجودگی کے سبب الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کو ایکٹ آف پارلیمنٹ بنانے میں حکومت کو بڑا بریک تھرو ملنے کا امکان ہے اور ان کی عدم موجودگی میں بل پر صادق سنجرانی کی جانب سے بحیثیت قائم مقام صدر مملکت دستخط کرنے اور اسے فوری نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر مملکت صادق سنجرانی کی جانب سے الیکشن ایکٹ بل پر دستخط جلد متوقع ہیں اور ان کے دستخط کرتے ہی بل ایکٹ آف پارلیمنٹ بن جائے گا۔