پاک سری لنکا سیریز؛ رمیز راجا کی کمنٹری باکس میں واپسی
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے کمنٹری باکس دوبارہ جوائن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے مداحوں کو ساؤنڈ،کیمرا ایکشن کے الفاظ سے ٹویٹ کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ وہ کم بیک کیلئے تیار ہیں۔
رمیز راجا نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان سری لنکا سیریز کیلئے کمنٹری پینل میں نظر آئیں گے۔
مزید پڑھیں: پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوگیا
پی سی بی سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد رمیز راجا نے کمنٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، ان کی جگہ نجم سیٹھی جب پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کا حصہ بنے تو متنازع بیانات کی وجہ سے انہیں پی سی بی نے کسی بھی سیریز کے کیمنٹیڑز پینل میں شامل نہیں کیا تھا۔
پاکستان سری لنکا سیریز کے علاوہ سابق کرکٹر ایشیاکپ اور ورلڈکپ میں بھی کھیل پر تبصرہ کرتے نظر آئیں گے۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 11 اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ کھیلے گی، پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی جبکہ دوسرا ٹیسٹ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں 24 سے 28جولائی تک شیڈول ہے۔