پاکستان

کراچی؛ گاڑی کی مرمت و مالی تنازعہ، ملزمان نے ڈینٹر کو گھر میں گھس کر قتل کر دیا

اسٹاف رپورٹرFebruary 11, 2025
facebooktwitterwhatsappmail

(فوٹو: فائل)

کراچی:سپر ہائی وے ٹول پلازہ حاجی زکریا گوٹھ میں واقع گھر کے اندر نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر گاڑی کی مرمت اور مالی تنازع پر چھریوں کے وار کرکے ڈینٹر کو قتل اور اس کی اہلیہ کو زخمی کر دیا۔

ایس ایچ او ملیر کینٹ انسپکٹر سرفراز نے بتایا کہ سپر ہائی وے ٹول پلازہ حاجی زکریا گوٹھ کے قریب گھر میں نامعلوم افراد نے چھریوں کے وار کرکے ایک شخص کو قتل اور خاتون کو زخمی کر دیا۔

ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے جاں بحق شخص کی میت اور زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں جاں بحق شخص کی شناخت جاں بحق 38 سالہ محمد افضل ولد محمد اقبال سے ہوئی جبکہ زخمی خاتون کی شناخت 28 سالہ فاطمہ زوجہ محمد افضل سے ہوئی۔

ایس ایچ او ملیر کینٹ نے بتایا کہ مقتول کی زخمی اہلیہ کے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق محمد افضل گاڑیوں کا ڈینٹر ہے جس کی صفورا میں دکان ہے، محمد افضل ٹول پلازہ حاجی زکریا گوٹھ کا رہائشی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محمد افضل 4، 5 دنوں سے ایک کار کی ڈینٹ پینٹ کا کام کر رہا تھا، دکان بند کرکے گھر آیا تو اس کے شوہر نے جن افراد کی گاڑی کی مرمت کا کام کیا تھا، ان میں سے 3 سے 4 افراد گھر آگئے۔ ان افراد نے افضل سے کہا تم نے کار کی درست ڈینٹ پینٹ نہیں کی جس سے ہمیں مالی نقصان ہوا ہے۔ اس دوران افضل اور ان افراد میں تکرار ہوگئی جس پر ایک شخص نے افضل پر چھری سے حملہ کیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔

ایس ایچ او ملیر کینٹ نے بتایا کہ افصل کو بچانے کی کوشش میں اس کی اہلیہ چھری لگنے سے زخمی ہوئی، واقعے میں حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ مبینہ طور پر کاروباری لین دین اور گاڑی کی مرمت کے تنازع کا لگتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button