اسرائیلی فوج کی حزب اللہ کو دھمکی

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے جنوبی لبنان کو حزب اللہ کے لیے قتل گاہ قرار دیا ہے۔ یہ دھمکی دو ملکوں کے درمیان امن مذاکرات کے بعد سامنے آئی ہے۔
بیروت: اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے دھمکی دیتے ہوئے جنوبی لبنان کو حزب اللہ کے لیے قتل گاہ قرار دیا۔ یہ بیان دونوں ممالک کے درمیان واشنگٹن میں ہونے والے تاریخی امن مذاکرات کے ایک دن بعد آیا ہے۔ ایال زمیر نے کہا کہ یہ زون اسرائیلی سرحد سے لے کر شمال میں دریائے لیتانی تک پھیلا ہوگا۔ دوسری جانب، اسرائیلی حملے کے نتیجے میں جنوبی قصبے میفدون میں زخمیوں کو بچانے کی کوشش کرنے والے کم از کم تین پیرا میڈکس جاں بحق ہو گئے۔ بیروت کی وزارت صحت نے اس حملے کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرائیل کی جانب سے امدادی کارکنوں کی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی عکاسی کرتا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق، 2 مارچ سے حزب اللہ کے خلاف جاری کارروائیوں میں بے شمار امدادی کارکن متاثر ہو چکے ہیں۔




