جرمنی میں ڈاکٹروں کے لئے وسیع روزگار کے مواقع

جرمنی میں بڑھتی ہوئی آبادی اور ریٹائرمنٹ کے باعث ڈاکٹروں کی شدید کمی، جس سے غیرملکی ڈاکٹروں کے لئے دیہی علاقوں اور اسپتالوں میں نوکریوں کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں.
برلن: جرمنی میں موجودہ وقت میں آبادی میں اضافے اور طبی عملے کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے ڈاکٹروں کی شدید کمی کا سامنا ہے، جس سے غیرملکی ڈاکٹروں کے لئے وسیع روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق، یہ صورتحال خاص طور پر دیہی علاقوں، جنرل میڈیسن، ایمرجنسی سروسز اور علاقائی اسپتالوں میں زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں غیر ملکی ڈاکٹروں کے لئے نوکریوں اور ٹریننگ کے بہترین مواقع دستیاب ہیں۔ جرمنی میں اس وقت تقریباً 4 لاکھ 37 ہزار ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں مجموعی طور پر 61 لاکھ سے زائد افراد کام کر رہے ہیں۔ بڑھتی عمر کی آبادی اور ریٹائر ہونے والے ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافے کے باعث آنے والے برسوں میں مزید معالجوں کی ضرورت بڑھے گی، جس سے عالمی سطح پر ڈاکٹروں کی طلب مزید بڑھ جائے گی۔




