ایران جنگ کے معاشی اثرات

ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ نے عالمی معیشت میں عدم استحکام پیدا کر دیا ہے۔ البتہ، کچھ مخصوص شعبے اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
تہران (17 اپریل 2026): ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ نے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ جہاں ایک جانب عالمی معیشت عدم استحکام کا شکار ہو رہی ہے، وہاں دوسری جانب کچھ مخصوص شعبے اس صورتحال سے بڑے فاتح کی طرح ابھرے ہیں۔ الجزیرہ ٹی وی کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے جنگ کے اثرات کے پیش نظر سال 2026 کے لیے عالمی شرح نمو کی پیشگوئی 3.3 فیصد سے گھٹا کر 3.1 فیصد کر دی ہے۔ آئی ایم ایف نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ جاری رہی تو عالمی شرح نمو مزید گر کر 2.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وال اسٹریٹ نے جنگ کے دوران غیر یقینی صورتحال سے اربوں ڈالر کمائے ہیں، جبکہ مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ نے بڑے بینکوں اور سرمایہ کاروں کو بے پناہ فائدہ پہنچایا ہے۔ اس کے علاوہ، اسلحہ ساز کمپنیاں بھی اس صورتحال میں بھاری منافع کما رہی ہیں۔




