پاکستان
آل سندھ پرائیویٹ اسکولز نے اسٹیشنری ٹیکس میں کمی کا مطالبہ

آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے آئندہ وفاقی بجٹ میں اسٹیشنری اور کاغذ پر ٹیکسوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔
آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی نے آج جاری کردہ پریس ریلیز میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ آئندہ وفاقی بجٹ کے تناظر میں اسٹیشنری اور کاغذ پر ٹیکسوں میں قابلِ ذکر کمی کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کاسمیٹکس اور بیوٹی پراڈکٹس پر ٹیکس کم کرنا اور اسٹیشنری پر ٹیکس بڑھانا انتہائی افسوسناک اور سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئینِ پاکستان کی روشنی میں شعبہ تعلیم کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ طلباء کے تعلیمی اخراجات کم ہوں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ تعلیمی اداروں پر بوجھ کم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں۔




