سفیرِ پاکستان برائے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین، رحیم حیات قریشی نے اینٹورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی
سفارت خانہ ہمیشہ اپنی کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور بہتر قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔ سفیرِ پاکستان بیلجیئم

اینٹورپ (امن نیوز انٹرنیشنل ) سفیرِ پاکستان برائے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین، رحیم حیات قریشی نے اینٹورپ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستانی کمیونٹی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی محنت، لگن اور کامیابیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں بلکہ پاکستان اور بیلجیم کے درمیان دوستی اور تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے ملک اجمل اور ان کے ساتھیوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت اجتماع نے انہیں پاکستانی کمیونٹی سے براہِ راست ملاقات اور ان کے خیالات جاننے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے برسلز، گینٹ اور دیگر شہروں سے آنے والے شرکاء کی محبت اور پاکستان سے وابستگی کو بھی سراہا۔

سفیرِ پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ سفارت خانہ ہمیشہ اپنی کمیونٹی کے ساتھ کھڑا ہے اور پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور بہتر قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سفارت خانے کے دروازے پاکستانی کمیونٹی کے لیے چوبیس گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن کھلے ہیں اور کمیونٹی کے افراد کسی بھی وقت سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
قبل ازیں سفیرِ پاکستان رحیم حیات قریشی نے جامعہ نورالحرم اینٹورپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سفارت خانے کے افسران کے ہمراہ کمیونٹی اراکین سے فرداً فرداً ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر خواتین نے بھی بھرپور شرکت کی۔ ملک اجمل کی جانب سے سفیرِ پاکستان اور ان کے وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کی موجودہ صورتحال، کمیونٹی کے مسائل اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اینٹورپ کے کونسلر راویل علی نے سفیرِ پاکستان کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ کمیونٹی رہنما شیراز بٹ، چوہدری حسن اور دیگر معززین نے سفیرِ پاکستان اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے ان کی آمد کو سراہا اور کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر جامعہ نورالحرم کے خطیب حضرت علامہ حافظ فہیم نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور پاک بیلجیم دوستی کے فروغ کے لیے خصوصی دعا کرائی جبکہ سفیرِ پاکستان اور سفارت خانے کے افسران کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

