انٹر نیشنلیورپ نیوز

آغا واحد یاسین کی یاد میں دعائے مغفرت، کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت، مرحوم کی دینی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا

دنیا عارضی اور فانی ہے، جبکہ اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے-حضرت علامہ غلام ربانی

                                     تحریر:محمد ندیم بٹ

برسلز- ( امن نیوز انٹرنیشنل ) بیلجیم کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت حاجی وسیم اختر کے ماموں، مرحوم آغا واحد یاسین کے ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کے لیے پاکستان اسلامک سینٹر برسلز میں جمعہ کی نماز کے بعد ایک پُروقار دعائیہ اجتماع منعقد کیا گیا، جس میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مرحوم آغا واحد یاسین گزشتہ دنوں پاکستان کے شہر راولپنڈی گئے تھے، جہاں علالت کے باعث وہ اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی تدفین پاکستان میں ہی عمل میں آئی۔ ان کی وفات کی خبر جب بیلجیم پہنچی تو کمیونٹی کے مختلف حلقوں کی جانب سے حاجی وسیم اختر سے اظہارِ تعزیت کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے پاکستان اسلامک سینٹر برسلز میں اجتماعی دعائے مغفرت کا اہتمام کیا جائے۔

 

 

دعائیہ تقریب میں مرحوم آغا واحد یاسین کی دینی، سماجی اور فلاحی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اسلامک سینٹر برسلز کی خدمت، دینِ اسلام کی سربلندی اور مسجد کے امور میں اخلاص کے ساتھ گزاری۔ وہ خاموشی سے لوگوں کی خدمت کرتے رہے اور ہمیشہ دین و انسانیت کی بھلائی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائے رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ آج ان کی رحلت پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور لوگ محبت و احترام کے ساتھ ان کی خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت علامہ غلام ربانی نے کہا کہ دنیا عارضی اور فانی ہے، جبکہ اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے ایمان کو مضبوط کریں، اللہ تعالیٰ کی عبادت، حضور اکرم ﷺ کی اطاعت اور مخلوقِ خدا کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں، کیونکہ انسان کے ساتھ اس کے نیک اعمال ہی قبر تک جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے کام آنا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا اور اللہ کے گھروں کی خدمت کرنا ہی حقیقی انسانیت اور بہترین سرمایۂ آخرت ہے۔

علامہ غلام ربانی نے مرحوم آغا واحد یاسین کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی مسجد اور دین کی خدمت میں گزاری، جبکہ حاجی وسیم اختر کی فلاحی، سماجی اور دینی خدمات بھی پوری کمیونٹی کے لیے قابلِ تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حاجی وسیم اختر نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت، ضرورت مندوں کی مدد، مسجد کی تعمیر و تزئین، دینی سرگرمیوں اور بالخصوص ماہِ رمضان المبارک میں بے لوث خدمت کو اپنی روایت بنایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیلجیم کی پاکستانی کمیونٹی انہیں عزت، محبت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
دعائیہ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے باری باری حاجی وسیم اختر سے تعزیت کا اظہار کیا، مرحوم آغا واحد یاسین کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر چیئرمین کشمیر کونسل یورپین یونین (EU) علی رضا سید، راجا محمد خالد، نواز بٹ، سلیم میمن، سردار صدیق خان، خالد محمود جوشی، چوہدری خالد محمود، زبیر اعوان، ڈاکٹر عامر، چوہدری جاوید، حاجی پرویز، نصراللہ بٹ، حاجی اشرف، ریاض خان، شیخ شکیل،حاجی قمر،چوہدری زاہد رضا بھدر، آغا رعرفان،سید ضمیر شاہ، غیاث الدین بھٹی،راجا طاہر ،راجا ظہر،چوہدری ناصر وڑائچ،عبدالقیوم،محترم مرزا عشرت بیگ،افتخار المعروف بلو بھائی، محترم نثار سنار سمیت دیگر ممتاز سیاسی، سماجی، مذہبی اور کمیونٹی رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی اور مرحوم کی دینی و سماجی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button