ایرانی ریال کی خریداری میں سرمایہ کاروں کا رجحان

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران ایرانی ریال کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ سرمایہ کار اس کی خریداری کر رہے ہیں، جس کی قیمت میں چار گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث کرنسی مارکیٹ میں ایک غیر معمولی رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ جہاں شہری ڈالر یا دیگر غیر ملکی کرنسیوں کے بجائے ایرانی ریال کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، جنگ سے قبل ایک کروڑ ایرانی ریال تقریباً 2 ہزار 500 پاکستانی روپے کے مساوی تھے، تاہم حالیہ دنوں میں یہ قیمت بڑھ کر 10 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح ایرانی ریال کی قدر میں چار گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متعدد سرمایہ کار اس امید پر ایرانی ریال خرید رہے ہیں کہ مستقبل میں اس کی قیمت مزید بڑھے گی۔




