لکھنو میں آگ، 1200 جھونپڑیاں متاثر

بھارت کے شہر لکھنو میں ایک خوفناک آتشزدگی نے 1200 جھونپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس واقعے میں کئی مویشی بھی ہلاک ہوئے اور 6 بچے تاحال لاپتہ ہیں۔
لکھنو، اترپردیش: لکھنو کے وکاس نگر میں واقع غیر قانونی بستی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 1200 جھونپڑیوں کو جلا کر رکھ دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق، جھونپڑیوں میں موجود تقریباً 100 گیس سلنڈر بھی پھٹ گئے، جس کی وجہ سے پورے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لئے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ اس آتشزدگی میں تقریباً 50 مویشی بھی زندہ جل جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ کچھ بچے لاپتہ ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ اس وقت بستی میں سرچ آپریشن کر رہی ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس اور فائر بریگیڈ مقررہ وقت پر نہیں پہنچے جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔ حادثے کی وجہ سے مشتعل رہائشیوں اور پولیس کے درمیان کشیدگی بھی پیدا ہوئی۔




