سندھ میں گرد آلود آندھی اور بارش کا امکان، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کا الرٹ

سندھ کے بالائی اور وسطی اضلاع میں آج اور کل گرد آلود آندھی کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے گرمی کی لہر میں کمی کی پیش گوئی کی۔
سندھ کے مختلف اضلاع میں آج اور کل گرد آلود آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نے اس سلسلے میں الرٹ جاری کیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق، سندھ میں جاری شدید گرمی کی لہر میں کل تک واضح کمی متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق، بالائی اور وسطی اضلاع جیسے کشمور، شکارپور، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبر، شہدادکوٹ، خیرپور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، جامشورو، دادو، حیدرآباد اور میرپو میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔ مقامی حکام اور عوام کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کریں اور ضرورت کے مطابق نقل مکانی کے لیے تیار رہیں۔




