چیئرمین پی ٹی آئی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش، ضمانت میں توسیع
لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو گئے جہاں انہیں ضمانت میں توسیع مل گئی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج عبہر گل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت 5 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے عدالت کے روبرو پیش ہونے کے بعد عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کردی گئی۔
دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی تفتیش مکمل کرلی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں۔ عدالت نے وکلا کو دلائل کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے جناح ہاؤس حملے، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سمیت 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کردی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ، شادمان سمیت دیگر پولیس اسٹیشنز میں مقدمات درج ہیں۔
دریں اثنا انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملوں سمیت 3 مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈیوٹی جج عبہر گل نے وکلا کو دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی تینوں مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ سرور روڈ، گلبرگ اور ریس کورس میں مقدمات درج ہیں۔
علاوہ ازیں عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے اسد عمر کو جناح ہاؤس اور لیگی آفس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر دیگر مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا اور ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کردی۔
واضح رہے کہ اسد عمر کے خلاف مقدمات تھانہ گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور سرور روڈ پولیس اسٹیشنز میں درج ہیں۔