قوانین و اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی پر لاہور کے تھیٹرز سیل
لاہور: کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تمام تھیٹر سیل کر دیئے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ناز، تماثیل، شمع، ستارہ، الفلاح اور محفل تھیٹر کو کمشنر لاہور ڈویژن کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے سیل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ باری تھیٹر چند روز قبل قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا تھا جبکہ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے تماثیل تھیٹر کے سرپرائز وزٹ کے بعد تمام تھیٹر سیل کرنے کا حکم دیا تھا۔
کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے سرپرائز وزٹ میں قوانین و اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی دیکھتے ہوئے شہر بھر کے تمام تھیٹرز کو سیل کرنے کا حکم دیا۔
یہ بھی پڑھیں: نامناسب رقص کرنے والی 18 ڈانسرز پر پنجاب بھر میں پابندی کا فیصلہ
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پنجاب حکومت نے لاہور کے الحمرا ہال میں کمرشل اسٹیج ڈراموں پر بھی پابندی لگائی جبکہ اسٹیج ڈراموں میں فحش حرکات کرنے والی 18 ڈانسرز پر صوبے بھر میں پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔