شرح سود بڑھنے کے خدشات، اسٹاک مارکیٹ میں 54 ارب ڈوب گئے
کراچی: شرح سود بڑھنے کے خدشات کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں 54 ارب ڈوب گئے۔
آئی ایم ایف کی گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کی مجوزہ اسکیم مسترد ہونے کی خبر اور نئی مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح بڑھنے کے خدشات کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی اتار چڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے انڈیکس کی 45600، 45700 اور 45800پوائنٹس کی 3سطحیں گرگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات سے اسٹاک مارکیٹ میں مندی
مندی کے سبب 67فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید 54ارب 19کروڑ 4لاکھ 68ہزار 469روپے ڈوب گئے۔ ڈالر کی قدر تھم کر نیچے آنے سے کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں خریداری سرگرمیوں سے ایک موقع پر 37پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے جاری تیزی ایک موقع پر 398پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہوگئی نتیجتاً کے ایس ای 100 انڈیکس 357.33پوائنٹس کی کمی سے 45508.40پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔