بابراعظم نے شکست کی ذمہ داری بولنگ اور خراب فیلڈنگ پر ڈال دی
چنئی: پاکستان کرکٹ کے کپتان بابر اعظم نے افغانستان سے شکست کا ذمہ دار خراب بولنگ اور فیلڈنگ کو قرار دے دیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ افغانستان کو جیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، شکست پر دکھ ہوا ہے۔ ہم نے 10 سے 15 رنز کم بنائے۔ افغانستان کے پاس بہترین کوالٹی اسپنرز موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: افغانستان نے پاکستان کو شکست دیکر تاریخ رقم کردی
انہوں نے کہا مڈل اوورز میں ہمارے اسپنرز نے ویسی بولنگ نہیں کی جیسی کرنی چاہئے تھی، کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے، ہم کوشش کریں گے اب جتنے بھی میچز بچے ہیں انہیں جیتنے کی کوشش کریں۔
بابراعظم نے کہا کہ مجھ پر کپتانی کا بوجھ نہیں، فیلڈنگ کے وقت صرف کپتانی کا سوچتا ہوں اور بیٹنگ کے وقت اپنی بیٹنگ پر فوکس کرتا ہوں۔ نسیم شاہ کو کافی مس کررہے ہیں۔ ہماری بولنگ لائن بہترین ہے لیکن ہم کلک نہیں کرپارہے۔
مزید پڑھیں: مین آف دی میچ افغان کھلاڑی کی پاکستان کیخلاف سیاسی بیان بازی
بابراعظم نے کہا کہ ٹیم کی طرف سے فیلڈنگ میں کمی نظر آرہی ہے۔ فیلڈنگ کے دوران کھلاڑیوں کی سوچ کہیں اور ہوتی ہے، معلوم نہیں کیا سوچ رہے ہوتے ہیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت سے شکست کے بعد دباؤ میں رہنے والی بات درست نہیں ہے، بھارت کے بعد آسٹریلیا سے اچھا کھیلے بس ہمارے پلان کامیاب نہیں ہو رہے۔ ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے اپنا بہترین دیں۔