اسرائیل کو لائسنس ٹو کِل دیا گیا جو غزہ پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے، امیرِ قطر
دوحہ: قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کے بغیر فلسطین میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے عالمی قوتوں سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ختم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کی زمین پر اسرائیل کے قبضے کو نظرانداز کرنے کے بعد اب قتل عام پر بھی خاموش ہے۔
مجلسِ شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے مزید کہا کہ مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے اسرائیل کو قتل عام کی کھلی اجازت مل گئی اور وہ ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے۔
یہ خبر پڑھیں : غزہ کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو طلب
شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری حماس اور اسرائیل جھڑپوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 5 ہزار 700 سے تجاوز کرگئی جب کہ 1400 اسرائیلی مارے گئے۔