2000 رنز، رضوان نے ون ڈے کرکٹ کا اہم سنگِ میل عبور کرلیا
گرائونڈ میں رضوان اور جانسن کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی
آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستانی بیٹر محمد رضوان اور جنوبی افریقی بالر مارکو جانسن کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ دونوں ٹیمیں اس وقت چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں مدمقابل ہیں۔
ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ اور پاکستان کی ٹیمیں پنجہ آزمارہی ہیں، قومی ٹیم نے ابتدائی دو وکٹیں جلد گنوادی تھیں جبکہ رضوان اور بابراعظم بھی زیادہ وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور باری باری پویلین لوٹ گئے۔
اس سے قبل افریقی بالر مارکو جانسن نے رضوان کو ایک شارٹ بال کرائی جس پر وکٹ کیپر بیٹر نے چوکا رسید کردیا، جس کے بعد جانسن نے رضوان کو کچھ تلخ الفاظ کہے جس پر جواباً رضوان نے بھی کچھ کہا، اس لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 27 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 بناکر آؤٹ ہوئے، تاہم انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں اپنے 2 ہزار رنز مکمل کرلیے۔ اس سنگِ میل تک پہنچنے کے لیے انہوں نے 65 اننگز میں بلے بازی کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل تک رسائی کیلئے جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح درکار ہے، میگا ایونٹس میں دونوں ٹیمیں 5 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں پروٹیز کا پلڑا بھاری رہا ہے، انہوں نے 3 میچز میں کامیابی سمیٹ رکھی ہے جبکہ پاکستان محض 2 فتوحات حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ یہ دونوں کامیابیاں پاکستان کو سال 2015 اور 2019 میں ملیں