پٹرول کی قیمت میں کمی کے باوجود مہنگائی کا جن بے قابو
راولپنڈی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود مہنگائی میں کمی نہ آسکی اور مہنگائی کا جن تاحال بے قابو ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی اشیاء خودنوش کی قیمتوں میں اضافہ برقرار ہے۔ اتوار و سہولت بازاروں میں ریٹ قدرے کم لیکن خریدار معیار کی شکایات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
صدر مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوی ایشن سلم پرویز بٹ کہتے ہیں انتظامیہ اشیاءکے معیار کے مطابق ریٹ طے نہیں کررہی اور ڈی کلاس اشیاءکے ریٹ مقرر کرکے معیاری اشیاءاس قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور کررہی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر تک کمی کی گئی جس کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے لیے صوبائی حکومتوں و ضلعی انتظامیہ کو اشیائے خورد نوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے احکامات جاری کیے گئے۔
لیکن جڑواں شہروں میں مہنگائی کی لہر برقرار ہے۔ اتوار و سہولت بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے خورد نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
اتوار بازاروں میں خریدار اشیا معیاری نہ ہونے کی شکایات کرتے نظر آتے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں آلو 90 سے 116 روپے کلو ، پیاز 85 سے 120 ،ٹماٹر 114 سے 160 روپے فی کلو، لہسن کوئٹہ 415 سے 540 روپے فی کلو، لسن دیسی265 سے لیکر300 فی کلو میں دستیاب ہے۔
ادرک تھائی لینڈ 560 روپے فی کلو سے 670 روپے ،شلجم 76 سے 90 روپے ، جبکہ اروی 125 سے 150 ،مرچ 110 روپے ۔ شملہ مرچ 170 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
لیموں 90 روپے فی کلو اور بینگن1 سو سے 110 روپے فی کلو ،کریلا 84 روپے سے96 روپے ، اورتوری85 سے 120 روپے میں دستیاب ہے،ٹینڈا 135 روپے فی کلو سے157 اور کھیرا 60 سے 70 روپے کلو ،پھول گوبھی 60 سے 70 روپے ، بند گوبھی 95 ، پالک کی گڈی 36 سے 50 روپے اور لوکی 90 روپے کلو ہے۔
فروٹ میں کیلا 95 روپے فی درجن سے 125 روپے درجن ،انگور 290 روپے سے 350 روپے فی کلو ، سیب 260 سے 350 ، گولڈن سیب 165 سے 2 سو روپے کلو میں ہے ۔
انار 2 سو روپے سے 350 روپے کلو ، امرود ڈیڑھ سے 2 سو روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے ۔ زندہ مرغی 345 روپے فی کلو جبکہ فی کلو گوشت 580 سے 620 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔
انڈہ شیور 330 روپے درجن سے 370 روپے درجن تک فروخت کیا جارہا ہے۔ دال چنا 280 روپے ، دال ماش 580، مونگ 320، مسور 400 ، سفید چنا 480 ،کالا چنا 300، چینی 170 روپے فی کلو ہے۔ کوکنگ آئل 540 سے لیکر 570 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔
سجاد احمد نامی خریدار کا کہناتھا پچیس سال سے خریداری کررہا ہوں مہنگائی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی نام سستے بازار کا ہے لیکن صرف مٹر کی مثال لے لیں پانچ سو روپے کلو میں مل رہا ہے یہ سستا بازار تو نہ ہوا۔