فیض آباد دھرنا؛ سپریم کورٹ فیصلے پر عملدرآمد کیس کی سماعت آج ہوگی
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس کی سماعت آج ہوگی، سماعت ساڑھے نو کے بجائے ساڑھے 11 بجے ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ میں شامل ہیں۔
عدالت نے 12 درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی تھیں جبکہ فیض آباد دھرنا کیس میں گزشتہ سماعت پر وزارت دفاع اور آئی بی کی نظرثانی درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کی تھی۔
پی ٹی آئی، ایم کیو ایم اور اعجاز الحق کی درخواست بھی واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئیں۔ عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں شیخ رشید کو نظرثانی واپسی لینے کے لیے مہلت دی تھی۔
سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی مسترد کی تھی۔ اٹارنی جنرل آج عدالت کو انکوائری کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی ٹی ایل پی کے فارن فنڈنگ کی تفصیلات مسترد کی تھیں۔