پاکستان

لیگی رہنما کی بریت لاڈلا پن نہیں، عدلیہ خود پر لگے ناانصافی کے داغ دھو رہی ہے، مریم اورنگزیب

لاہور: ن لیگ کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بے گناہ رہنماؤں کی بریت لاڈلا پن نہیں بلکہ عدلیہ خود پر لگے نا انصافی کے داغ دھو رہی ہے۔

ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو بد ترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا،بے روز گاری اور معاشی بدحالی کی ذمہ دار2018 میں آنے والی حکومت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان پر بے بنیاد مقدمات بنائے گئے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان تمام جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہو رہے ہیں، جب2018 میں ترقی کرتے پاکستان پر چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک پر مسلط کیا گیا تو معاشی ترقی کا پہیہ رک گیا جس کا خمیازہ آج پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کو نیب کی عدالت میں صاف پانی کیس میں بلا کر آشیانہ ہائوسنگ مقدمہ میں گرفتار کر لیا گیا، ان کو بلایا کسی اور مقدمہ میں اور گرفتار کسی اور کیس میں کر لیا گیا، اسی طرح احد چیمہ کو بھی پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے میں شہباز شریف کے ویژن کو مکمل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے شہباز شریف اور احد چیمہ ان جھوٹے مقدمات سے اللہ کے فضل سے سرخرو ہو گئے ہیں،آج عدالتیں قانونی مہریں لگا کر تصدیق کر رہی ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔

مسلم لیگ (ن ) پر لاڈلہ ہونے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات میں پیشیاں بھگت کر آج مسلم لیگ (ن )کی قیادت عدالتی فیصلوں سے بری ہو رہی ہے توکیا یہ لاڈلہ پن ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button