پاکستان

کے پی کے میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ: جے یو آئی، اے این پی اور پی پی میں فارمولا طے پاگیا

پشاور: عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے جے یو آئی (ف)، اے این پی اور پیپلز پارٹی کے مابین ابتدائی فارمولا طے پاگیا جس کے تحت تینوں جماعتوں کو گزشتہ انتخابات میں جیتی ہوئی نشستیں مل گئیں جبکہ جن نشستوں پر جس پارٹی کا امیدوار رنر اپ تھا وہی امیدوار ہوگا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عام انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکراتی عمل بدھ کے روز بھی جاری رہا، پیپلز پارٹی کے وفد نے اس سلسلے میں باچا خان مرکز پشاور کا دورہ کیا جس کی قیادت پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر سید ظاہرعلی شاہ نے کی جبکہ وفد میں سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات امجد آفریدی، ملک طہماش اور مصباح الدین شامل تھے۔

دوسری جانب سے اے این پی کی جانب سے سینیٹر حاجی ہدایت اللہ کے علاوہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ثقافت خادم حسین اور سید معصوم شاہ شامل رہے۔

اے این پی اور پیپلز پارٹی کے درمیان مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ عام انتخابات میں جو نشستیں جس پارٹی نے جیتی تھیں اس پر اسی پارٹی کے امیدوار میدان میں اتریں گے جبکہ جن نشستوں پر مذکورہ پارٹیوں کے امیدوار رنر اپ رہے ان پر بھی متعلقہ پارٹی کا حق تسلیم کیا جائے گا اور یہی فارمولا جمعیت علماء اسلام کے لیے بھی ہوگا۔

تاہم جمعیت علماء اسلام کی جانب سے 2019ء کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو بھی مد نظررکھنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس پر بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ تینوں سیاسی جماعتوں میں جاری مذاکراتی عمل میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ(ن) گزشتہ عام انتخابات میں جن نشستوں پر کامیاب ہوئی یا اس کے امیدوار رنر اپ رہے ہیں وہاں ان کا حق تسلیم کیا جائے گا جس کے لیے جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مشکلات قومی وطن پارٹی کے حوالے سے ہیں کیونکہ گزشتہ عام انتخابات میں اس کا کوئی بھی امیدوار نہیں جیتا تھا تاہم جن نشستوں پر ان کے امیدوار رنر اپ رہے ان پر ان کا حق تسلیم کیا جائے گا۔

اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور مذاکرات کا سلسلہ ساتھ ، ساتھ چلتا رہےگا تاہم ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کاغذات جمع کرانے کے عمل کے بعد ہی پایہ تکمیل کو پہنچے گا جس کا مشترکہ طور پر اعلان کیاجائے گا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ آج جمعرات کے روز پیپلز پارٹی اور جمعیت علماء اسلام کے درمیان مذاکراتی نشست ہوگی جس میں دونوں پارٹیوں کے درمیان معاملات آگے بڑھیں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button