پاکستان

برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش،وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے افتتاح کیا

برسلز۔31جنوری (اے پی پی):نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے برسلز میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ تصویری نمائش کا انعقاد پاکستانی سفارت خانہ میں کیا گیا جس میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار کی عکاسی کی گئی ہے۔

برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں نے بھارت کے جبر و تسلط کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ آج ہم کشمیر کاز کے شہداء اور بھارتی مظالم کا شکار ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو پامال کرنے میں ناکام رہا ہے اور ان کی قربانیاں تاریخ میں یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل ناگزیر ہے۔ عالمی برادری بھارت پر زور دے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات واپس لے اور مسئلہ کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی منصفانہ جدوجہد کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد کشمیری عوام کی حالت زار اور ان کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرنے کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button