3 فوجیوں کی ہلاکت کا ردعمل، امریکا کے شام و عراق پر حملے
واشنگٹن: امریکی فوج نے شام اور عراق کے مختلف علاقوں میں حملے کیے۔
امریکی حکام کے مطابق شام اور عراق پر فضائی حملے اردن میں ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر کیے گئے۔ امریکی جنگی طیاروں نے عراق اور شام میں 85 سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عراق اور شام پر حملوں میں استعمال کیے گئے جنگی ساز و سامان کی تعداد 125 تھی اور انہیں امریکا سے اڑائے گئے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بمبار طیارے سمیت دیگر متعدد طیاروں کے ذریعے پہنچایا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حملوں میں متعدد شہریوں کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یہ ہمارا ردعمل ہے جو مستقبل میں بھی ہمارے منتخب کردہ وقت اور مقام پر جاری رہے گا۔
چند روز قبل اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 3 امریکی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔