پاکستان

سابق وزیراعظم کشمیر سردار تنویر پر سینٹورس مال پر قبضے کی کوشش کا مقدمہ درج

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کے خلاف سینٹورس مال کے مرکزی دفاتر اور اہم دستاویزات پر قبضہ کرنے کی کوشش پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی آر ڈپٹی سکیورٹی انچارج دی سینٹورس مال کرنل (ر) ٹیپو سلطان کی جانب سے درج کروائی گئی ہے جس میں  سردار تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان اور دیگر نامعلوم ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق سردار تنویر الیاس 20 سے 25 افراد پر مشتمل مسلح جتھے کے ہمراہ سینٹورس مال کے دفتر 1708 میں تالا توڑ کر داخل ہوئے، دفتر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی گارڈز نے ناکام بنادیا، سردار تنویر الیاس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سردار یاسر الیاس خان اور سردار ڈاکٹر راشد الیاس خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

متن میں کہا گیا ہے کہ ان افراد نے دفتر کی سیکیورٹی پر مامور سیکیورٹی اہلکار پر تشدد کیا، مذکورہ حملے کی اطلاع پاکر جب ہم اس جگہ پہنچے تو سردار تنویر الیاس نے کرنل (ر) ٹیپو سلطان پر فائر کردیا جو مس ہوگیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پہلے بھی ایسی کارروائی کرچکے ہیں۔ ڈپٹی سیکیورٹی انچارج کرنل (ر) ٹیپو سلطان نے پولیس حکام سے سردار تنویر الیاس اور مقدمے میں درج دیگر ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button