پاکستان

برسلز میں سیمینار: صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے شہری فلاح و بہبود پر زور

یورپی پارلیمنٹ اور برسلز سٹی کونسل کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار میں کھیل، کاروبار اور فلاح کے روابط پر تفصیلی گفتگو

برسلز: (آمن نیوز، حافظ انیب راشد) یورپ کے دارالحکومت برسلز میں منعقد ہونے والے ایک اہم سیمینار کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر مختلف ادارے باہمی تعاون کے ساتھ کام کریں تو صحت مند سرگرمیوں کے ذریعے شہریوں کی فلاح و بہبود کو بہتر انداز میں یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

یہ خیالات چیک ریپبلک سے تعلق رکھنے والے رکن یورپین پارلیمنٹ ڈاکٹر اوندرے دوستال اور برسلز سٹی کونسل کے رکن محمد ناصر چوہدری کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار میں مختلف مقررین نے اظہار کیے۔

یہ سیمینار “کھیلوں کے ذریعے کاروبار اور فلاح کو جوڑنا” کے موضوع پر یورپین پریس کلب برسلز میں منعقد ہوا، جس میں گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، سفارت خانہ پاکستان برسلز اور بیلجئین کرکٹ فیڈریشن سمیت مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ برسلز سٹی کونسل کے ہیلتھ اور سپورٹس سیکٹر کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

سیمینار دو حصوں پر مشتمل تھا، جس کا پہلا حصہ یورپین پریس کلب اور دوسرا حصہ یورپین پارلیمنٹ میں منعقد کیا گیا۔ تقریب کی نظامت کو نسلر محمد ناصر چوہدری نے کی۔

پہلے سیشن میں ڈاکٹر اوندرے دوستال نے کہا کہ جو قومیں کھیلوں اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتی ہیں ان کی پیداواریت میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، جیسا کہ چین اور دیگر ممالک کے درمیان “پنگ پانگ ڈپلومیسی” نے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند سرگرمیوں سے قومی صحت کے نظام پر دباؤ بھی کم کیا جا سکتا ہے۔

برسلز سٹی کونسلر محمد ناصر چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سیمینار ایک آغاز ہے اور اداروں کا باہمی اشتراک شہری زندگی میں بہتری لا سکتا ہے، تاہم شہریوں کی شمولیت بھی انتہائی ضروری ہے۔

گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حسن حسن مٹو نے پاکستان کی کھیلوں کے سامان کی برآمدات کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کھیلوں کے سامان کی فراہمی کے ذریعے صحت مند معاشروں کی تشکیل میں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

بیلجئین کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین عمیر بٹ نے کرکٹ کو دنیا کا دوسرا بڑا کھیل قرار دیتے ہوئے بیلجیم میں اس کے فروغ میں حائل رکاوٹوں پر روشنی ڈالی۔

سفارت خانہ پاکستان برسلز کے ہیڈ آف چانسری محسن سیف اللہ اور کمرشل اتاشی سدرہ مناف نے حالیہ EU-Pakistan High Level Business Forum کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کے لیے بین الاقوامی کمپلائنس کو سمجھنا انتہائی ضروری ہے۔

مقررین میں عائشے مالیسکان، عون علی سید، قمر معصوم، شرجیل اعوان، حق نواز اور چوہدری اکرم منہاس سمیت دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے پاکستان کے امن کے لیے کردار اور قیادت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

سیمینار کے دوسرے حصے میں یورپین پارلیمنٹ میں شرکاء کا خیرمقدم ڈاکٹر اوندرے دوستال نے کیا، جہاں گجرات چیمبر کی جانب سے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی۔ اس موقع پر یورپی کمپلائنس، تعلیمی تعاون اور فیسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔

اختتام پر گجرات چیمبر آف کامرس کے صدر حسن مٹو نے ڈاکٹر اوندرے دوستال، سفارت خانہ پاکستان برسلز اور کونسلر محمد ناصر چوہدری کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

آمن نیوز بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مثبت سرگرمیوں اور ادارہ جاتی تعاون کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button