عامر خان سے لندن میں ڈکیتی؛ 2 ملزمان کا جرم قبول کرنے سے انکار
لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان سے لندن میں ڈکیتی کی واردات کے دو ملزمان نے جرم قبول کرنے سے انکار کردیا۔
جمعرات کو ٹرائل کے دوران جیوری کو عامر خان کیساتھ ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دکھائی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 36 سالہ باکسر عامر خان اپنی اہلیہ 31 سالہ فریال مخدوم کے ساتھ ریستوران سے نکل کر سڑک عبور کرکے اپنی کار کی طرف جارہے ہیں جسے انکا دوست عمر خالد چلا رہا ہے، اس دوران سامنے کھڑی مرسڈیز کار سے دو ڈاکو باہر نکلتے ہیں۔
جیسے ہی عامر خان کار کا دروازہ کھولنے کے لیے جاتے ہیں ایک ڈاکو انکی طرف دوڑتا ہے اور ان پر بندوق تان لیتا ہے، ڈاکو واردات کے بعد فرار ہوجاتے ہیں۔
دریں اثنا جمعرات کو عامر خان سے ڈکیتی کے کیس میں ملزم بانا نے واردات میں ملوث ہونے اور نقلی آتشیں اسلحہ رکھنے کا اعتراف کرلیا جبکہ دو ملزمان نے جرم قبول کرنے سے انکار کردیا۔ 25 سالہ احمد بانا اور بندوق بردار ڈینٹ کیمبل نے اعتراف جرم کرتے ہوئے عامر خان کیساتھ ڈکیتی کی واردات میں اپنے کردار کا اعتراف کیا جبکہ 24 سالہ اسماعیل محمد اور 25 سالہ نورالامین نے جرم قبول کرنے سے انکار کردیا۔
سابق باکسر عامر خان گزشتہ سال 18 اپریل کو اپنی اہلیہ فریال مخدوم کے ہمراہ مشرقی لندن کے علاقے لیٹن میں سڑک کراس کرتے ہوئے مسلح ڈاکوؤں کے ہاتھوں لٹ گئے تھے، مسلح ڈاکوعامر خان سے 71 ہزار پاؤنڈز مالیت کی قیمتی گھڑی چھین کر فرار ہوگئے تھے۔