آج مذاکرات ختم یا جاری رکھنے کا فیصلہ کریں گے، فواد چوہدری
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فواد چوہدری نے حکومت سے جاری مذاکرات پر سوال اٹھادیا۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف گرفتاریاں؟ چوہدری پرویز الہی کے گھر چھاپہ سے ثابت ہوتا ہے کہ اسحق ڈار، سعد رفیق اور اعظم تارڑ کی اپنی حکومت میں کوئی حیثیت نہیں ، اس چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کا دوسرا دور ’مثبت پیشرفت‘ کے ساتھ ختم
فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الہیٰ کے گھر پر حملہ ، علی امین گنڈا پور کو ضمانت کے باوجود جبس بے جاء میں رکھنا اور پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں مذاکراتی عمل کو بے معنی بنا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اینٹی کرپشن اور پولیس پرویز الہیٰ کو گرفتار کرنے میں ناکام
انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومتی مذاکراتی ٹیم یقین دہانی کے بعد ماحول بہتر رکھنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتی تو وہ بڑے فیصلے کیسے کرے گی؟ عمران خان کی صدارت میں آج اجلاس میں مذاکرات جاری رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ کریں گے۔