ایئرانڈیا بم دھماکے میں بری ہونے والا سکھ رہنما قتل؛ کینیڈا میں 2 ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا
کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیا میں بھارتی نژاد 75 سالہ رپودامن سنگھ کو 2 ملزمان نے گولی مار کر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق خالصتان تحریک سے وابستہ رپودامن سنگھ کو 2022 میں ان کی دکان کے باہر قتل کیا گیا تھا۔ جس کے الزام میں گرفتار کیے گئے دونوں افراد نے اعترافِ جرم کرلیا۔
دونوں ملزمان ٹینر فاکس اور جوز لوپیز کو سزائیں اگلی سماعت پر 31 اکتوبر کر سنائی جائے گی۔ یہ دونوں ملزمان مجرمانہ ریکارڈ کے حامل ہیں۔
اس سے قبل خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ رپودامن سنگھ کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے اہلکار ملوث ہوسکتے ہیں تاہم اس کے شواہد نہیں ملے۔
سکھ کارکن رپودامن سنگھ پر 1985 میں ایئر انڈیا بم دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام تھا جس میں 329 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ایئر انڈیا کا طیارہ 23 جون 1985 کو آئرلینڈ کے ساحل سے بحرِ اوقیانوس میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
اُس وقت یہ کہا گیا تھا کہ ان افراد نے یہ کارروائی گولڈن ٹیمپل پر حملے کے ردعمل کے طور پر کیا ہے۔
تاہم انھیں ایک ساتھی کے ہمراہ مارچ 2005 میں اس الزام سے بری کردیا گیا تھا۔
رپودامن سنگھ کو بری کرنے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے کہا تھا کہ ملزم کے خلاف قابل اعتبار گواہی نہیں تھی۔