بھارتی یوٹیوبرچند لائیکس کیلیے 300 کی رفتار سے موٹرسائیکل چلاتے ہوئے ہلاک
نئی دہلی: بھارت میں تیز رفتاری سے کار اور موٹر سائیکل چلانے کے دوران ویڈیو بنانے والے معروف یوٹیوبر سپر ہائے وے پر حادثے کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آگستے چوہان کے یوٹیوب پر 12 لاکھ سبسکرائبر تھے جو یوٹیوبر کی تیز رفتار موٹرسائیکلنگ کی ویڈیوز سے محظوظ ہوتے تھے اور آگستے بھی اپنی خطرناک ویڈیوز اپ لوڈ کرتا رہتا تھا۔
ایسی ہی ایک کوشش کے دوران یوٹیوبر آگستے چوہان آگرہ سے دہلی جانے والی یمنا ایکسپریس وے پر 300 کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے سفر کر رہا تھا اور ویڈیو بھی ریکارڈ کر رہا تھا کہ توازن برقرار نہ رکھ سکا اورحادثے کا شکار ہوگیا۔
یوٹیوبر تیز رفتار بائک سے گر پڑا، اس کا ہیلمٹ چکنا چور ہوگیا اور سر پر چوٹ لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چند لائیکس کے لیے یوٹیوبر اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ اپنی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔ اتنی تیز رفتاری موت یا مستقل معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔