تحریک انصاف کا نیب اور رینجرز کیخلاف مقدمے کے اندراج کا فیصلہ
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور رینجرز کے خلاف مقدمے کے اندراج کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قائدین کا اہم اجلاس لاہور میں ہوا جہاں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، تحریک انصاف کی سیاسی حکمتِ عملی اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے متعلق جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کا پرامن احتجاج کے دوران انتشار کی سوچی سمجھی کوششوں، شہریوں پر گولیاں برسانے کے پورے منصوبے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل اعلیٰ سطحی بااختیار کمیشن 9 مئی کو معصوم شہریوں کی شہادتوں اور انتشار کی کوششوں کی تحقیقات کرے۔
اعلامیہ میں پی ٹی آئی نے پرامن احتجاج کے دوران نہتے شہریوں کے قتل کے مقدمات بھی درج کروانے کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے چیئرمین عمران خان کے نیم فوجی دستوں کے ذریعے اغوا کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس سے متعلق جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے واقعات کو بنیاد بنا کر پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ریاست کی سطح پر کیا جانے والا جھوٹا، لغو اور بے بنیاد پراپیگنڈہ مسترد کرتی ہے، پارٹی مکمل طور پر پرامن، جمہوری سیاسی جماعت اور قانون کے دائرے میں سیاست کی قائل ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ تحریک انصاف کی 27 سالہ تاریخ تشدد و اشتعال سے بالکل خالی ہے، مشکل سے مشکل ترین حالات میں بھی پارٹی اور چیئرمین عمران خان نے قانون کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ 3 نومبر کے قاتلانہ حملے کے بعد تحریک انصاف نے ملک بھر میں ہزاروں مقامات پر احتجاج کیا مگر ایک پتھر تک نہیں اچھالا گیا، کنٹرولڈ میڈیا اور جھوٹے پراپیگنڈے کی آڑ میں ملک گیر فساد کی منصوبہ بندی کرنے والوں کو بچانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔