9 مئی کے واقعات میں ملوث کسی مجرم کو نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات ہوئے جن سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے، ایسے واقعات میں ملوث افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات نے کروڑوں پاکستانیوں کو افسردہ کیا جبکہ تمام طبقات نے انتہائی غم و غصے کی صورت حال میں وقت کو گزارا، نو مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جن کی املاک اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا وہ ملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے دیوانہ وار شہادت کے جام نوش کرتے ہیں، دھرتی کے شہیدوں اور غازیوں کی 9 مئی کو بے حرمتی کی گئی اور وطن سے والہانہ محبت کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی گئی اور جی ایچ کیو، حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، ایسے دلخراش مناظر کبھی کسی پاکستانی نے نہیں دیکھے، جس نے جرم کیا اُس کے بچنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اگر وزیراعظم بھی انہیں معاف کرنے کا بولے تو کسی قسم کی رعایت نہ کی جائے۔
مزید پڑھیں: قومی سلامتی کمیٹی؛ نو مئی واقعات کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے پر اتفاق
انہوں نے کہا کہ جناح ہاؤس صرف عمارت نہیں بلکہ لہو کی عبارت سے بنا گھر ہے، ہمارے بہادر جوانوں نے 65 کی جنگ اور ضرب عضب میں قربانیاں دیں ہم فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام یک جان دو قالب ہیں، ایسے واقعات سے شہدا کی بیواؤں اور اہل خانہ کے دل بھر آئے ہیں جن کے غموں کا مداوا نہیں کیا جاسکتا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ تباہ کن کارروائیاں کرنے والے دہشت گردوں کے زمرے میں آتے ہیں، عسکری تنصیبات پر حملوں کے بعد جتنا غم و غصہ کیا جائے وہ کم ہے، ہمیں ایسے کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔